مانیٹرنگ ڈیسک (مشرق نامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے دوحہ میں اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے "سنگین اور غیرقانونی” قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام قطری خودمختاری کی صریح خلاف ورزی اور اشتعال انگیزی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ حملہ رہائشی علاقے کو نشانہ بنا کر بے گناہ شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا: پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے میں دوحہ میں اسرائیلی افواج کی غیرقانونی اور سنگین بمباری کی بھرپور مذمت کرتا ہوں، جس میں رہائشی علاقہ نشانہ بنا اور معصوم شہریوں کی جانیں خطرے میں پڑ گئیں۔
وزیراعظم نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، قطری شاہی خاندان اور عوام سے ہمدردی اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان مشکل وقت میں قطر کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے حملے کو بے جواز اور قطر کی خودمختاری اور سالمیت کی کھلی خلاف ورزی” قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا: پاکستان قطر کی ریاست اور فلسطینی عوام کے ساتھ اسرائیلی جارحیت کے خلاف ڈٹ کر کھڑا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی فوج نے تصدیق کی کہ اس نے منگل کو قطری دارالحکومت میں حماس کے سینئر رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے لیے فضائی حملے کیے۔
حماس کے ایک عہدیدار نے الجزیرہ کو بتایا کہ اس حملے میں اعلیٰ مذاکرات کار خلیل الحیّہ کے بیٹے اور ساتھی سمیت کئی افراد جاں بحق ہوئے، تاہم قیادت بچ گئی۔

