مانیٹرنگ ڈیسک (مشرق نامہ)– روٹرڈیم میں ہونے والی 2025 کی نیدرلینڈز ڈیفنس اینڈ سکیورٹی (نیدس) نمائش سے اسرائیلی دفاعی کمپنیوں کو خارج کر دیا گیا ہے، جسے "اسرائیل” کے خلاف ڈچ پابندیوں میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
اس سال نومبر میں منعقد ہونے والی نمائش کے منتظمین نے اسرائیلی کمپنیوں کو ایک خط کے ذریعے آگاہ کیا کہ انہیں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس فیصلے کی وجہ باضابطہ طور پر سکیورٹی خدشات اور انتظامی مسائل بتائے گئے ہیں۔
نیدس نمائش میں ماضی میں اسرائیل کی بڑی دفاعی کمپنیوں جیسے اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز، ایل بٹ سسٹمز اور رافائل باقاعدگی سے شریک ہوتی رہی ہیں، لیکن اس بار یہ کمپنیاں شامل نہیں ہوں گی۔
یہ اقدام نیدرلینڈز کی جانب سے "اسرائیل” کے خلاف بڑھتی ہوئی پابندیوں کا حصہ ہے، جس میں یورپی یونین کے ہورائزن پروگرام میں اسرائیل کی شمولیت معطل کرنے اور دوطرفہ تجارت محدود کرنے کی کوششیں بھی شامل ہیں۔ اگرچہ حکومتِ نیدرلینڈز نے باضابطہ طور پر اس فیصلے کی تائید نہیں کی، لیکن اسرائیلی ذرائع کے مطابق اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن متعلقہ کمپنیوں کو بھیج دیا گیا ہے۔
نیدرلینڈز اس سے قبل بھی ایک عدالتی فیصلے کے بعد "اسرائیل” کو براہِ راست اسلحے کی برآمدات روک چکا ہے، تاہم ڈچ کمپنیاں اب بھی تیسرے ممالک کے ذریعے ایف-35 لڑاکا طیاروں کے پرزے اسرائیل کو فراہم کر رہی ہیں۔
یہ پابندی یورپ میں اسرائیلی دفاعی کمپنیوں کی رسائی مزید محدود کر دے گی۔ اس سے قبل جون میں پیرس کے قریب ہونے والی یوروسیٹری اسلحہ نمائش میں بھی متعدد اسرائیلی کمپنیوں پر پابندی لگائی گئی تھی۔
گزشتہ سال کی نیدس نمائش میں اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز نے باراک میزائل دفاعی نظام، بغیر پائلٹ طیارے اور ایرو سسٹم کے منصوبے پیش کیے تھے، ایل بٹ نے بحری حملہ و دفاعی نظام جبکہ رافائل نے فوجی بحری جہازوں کے لیے تیار کیا گیا آئرن ڈوم ٹیکنالوجی متعارف کرائی تھی۔
نیدس نمائش کا 36واں ایڈیشن رواں سال 20 نومبر 2025 کو روٹرڈیم میں منعقد ہوگا۔

