ریاست روڈ آئی لینڈ کے سابقہ میونسپل جج فرینک کیپریو، جو اپنی شفقت بھری عدالت کے باعث دنیا بھر میں مقبول ہوئے، طویل علالت کے بعد پیر کے روز 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
امریکی ٹی وی سیریز ’کاٹ اِن پروویڈنس‘ کے میزبان جج کیپریو کو انصاف فراہم کرتے وقت بھی نرمی اور انسانیت کا مظاہرہ کرنے پر جانا جاتا تھا۔ سی این این کے مطابق، کیپریو نے اپنی عدالت کو ایسا مقام قرار دیا تھا "جہاں لوگوں اور مقدمات کو مہربانی اور ہمدردی کے ساتھ نمٹا جاتا ہے۔”
جج کیپریو کے آفیشل فیس بک پیج پر جاری بیان میں کہا گیا کہ "فرینک کیپریو طویل اور بہادری سے لڑی گئی لبلبے کے کینسر کی جنگ کے بعد 88 برس کی عمر میں پُرامن طور پر انتقال کر گئے۔”
بیان میں مزید کہا گیا کہ انسانی ہمدردی، عاجزی اور انسانیت کی نیک فطرت پر غیر متزلزل یقین کے باعث وہ لاکھوں لوگوں کے دلوں کو چھو گئے۔ ان کی محبت، مزاح اور مہربانی نے ہر اس شخص پر انمٹ نقوش چھوڑے جو انہیں جانتا تھا۔ ان کے اعزاز میں ہم سب کو چاہیے کہ دنیا میں تھوڑی سی مزید شفقت لائیں، جیسے وہ ہر دن کرتے تھے۔
ٹائم میگزین کے مطابق، کیپریو کی عدالت کے ویڈیوز، جن میں وہ ملزموں کے ساتھ ہمدردی اور احترام کا مظاہرہ کرتے دکھائی دیتے تھے، سوشل میڈیا پر ایک ارب سے زیادہ بار دیکھی گئیں، جس کے باعث انہیں دنیا کے ’سب سے نرم دل جج‘ کا لقب ملا۔
یوٹیوب پر پوسٹ کی گئی متعدد ویڈیوز میں کیپریو اکثر مدعا علیہان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں۔ سی این این کے مطابق، کیپریو نے اپنی شہرت کا استعمال عدالتی نظام تک غیر مساوی رسائی جیسے مسائل اجاگر کرنے کے لیے بھی کیا۔
2019 میں ان کی ایک وائرل ویڈیو نے پاکستانی صارفین کے دل بھی جیت لیے، جب انہوں نے پاکستانی طالب علم احمد سلمان کو تین پارکنگ چالان معاف کر دیے۔ ایک ماہ بعد، کیپریو نے سلمان کو اپنے اہلخانہ کے ساتھ اتوار کے روز ڈنر پر بھی مدعو کیا، جسے 2022 میں ’کاٹ اِن پروویڈنس‘ شو نے شیئر کیا تھا۔
جج کیپریو کے بیٹے نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ ان کے والد کو دو سال قبل لبلبے کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم عوام کی محبت اور دعاؤں نے ان کا حوصلہ بڑھایا اور وہ ڈیڑھ سال اضافی زندہ رہے۔
ٹائم میگزین کے مطابق، کیپریو نے 1985 سے 2023 تک ریاست روڈ آئی لینڈ کے پروویڈنس میونسپل کورٹ کے چیف جج کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ مرحوم کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ جائس کیپریو، پانچ بچے، سات پوتے پوتیاں اور دو پڑپوتے شامل ہیں۔

