بیجنگ (مشرق نامہ) – چین کی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ نِنگ نے پیر کو پاکستان کے مختلف حصوں میں حالیہ سیلابی صورتحال کے باعث جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
ترجمان نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ چین نے پاکستان میں شدید بارشوں اور مختلف علاقوں میں آنے والے سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور زخمیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہے۔
ماؤ نِنگ نے مزید بتایا کہ چینی وزیرِ خارجہ وانگ یی نے بھی پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ چین کو یقین ہے کہ پاکستانی عوام اس آزمائش پر قابو پاتے ہوئے جلد اپنے گھروں کی بحالی میں کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تاحال کسی چینی شہری کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے اور پاکستان میں موجود چینی سفارتخانہ صورتحال کی تصدیق کے لیے مسلسل رابطے میں ہے۔

