منگل, فروری 17, 2026
ہومبین الاقوامیچینی گروپ کا پاکستان کی سب سے بڑی ٹیکسٹائل فیکٹری لگانے کا...

چینی گروپ کا پاکستان کی سب سے بڑی ٹیکسٹائل فیکٹری لگانے کا منصوبہ
چ

لاہور (مشرق نامہ):چین کی سب سے بڑی ٹیکسٹائل کمپنیوں میں سے ایک پنجاب میں 15 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت یہ گروپ پنجاب میں ماہانہ 80 لاکھ ملبوسات تیار کرے گا، جس کے لیے 60 لاکھ میٹر کپڑا استعمال کیا جائے گا۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق 100 ایکڑ پر جدید خصوصی اقتصادی زون قائم کیا جائے گا اور پاکستان کی سب سے بڑی جدید ٹیکسٹائل صنعت قائم ہوگی۔ چینی گروپ معروف امریکی برانڈز کے ذریعے ملبوسات برآمد کرے گا۔

اس منصوبے سے آئندہ آٹھ ماہ میں 18 ہزار اور پانچ سال میں 25 ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ملبوسات کی تیاری کے لیے خام مال پاکستان سے حاصل کیا جائے گا اور اس سے سالانہ 10 کروڑ ڈالر سے زائد کی برآمدات متوقع ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات میں چینی قونصل جنرل ژاؤ شی رین اور چیلنج گروپ کے چیئرمین ویگو ہونگ نے ان کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کو سراہا۔ ملاقات میں ٹیکسٹائل صنعت کے فروغ اور پنجاب میں سرمایہ کاری کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان آئندہ برسوں میں تجارتی و کاروباری شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتا ہے۔ ہم پنجاب میں جدید ترین گارمنٹ سٹی قائم کر رہے ہیں اور چیلنج گروپ کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔ پنجاب حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم چین کی بڑی ٹیکسٹائل فیکٹریوں اور اداروں کو پنجاب منتقل کرنا چاہتے ہیں اور ’چیلنج اسپیشل اکنامک زون‘ صوبے کی صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پلاسٹک ویسٹ کو ری سائیکل کر کے جدید ٹیکسٹائل منصوبے کے تحت اعلیٰ معیار کے کپڑوں میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق ہنر فراہم کرنے کے لیے ٹیوٹا کے ذریعے فنی تعلیم پر بھاری سرمایہ کاری کر رہی ہے۔

ویگو ہونگ نے کہا کہ وہ پنجاب میں چین سے بھی بہتر ٹیکسٹائل مشینری اور ٹیکنالوجی لانا چاہتے ہیں اور صوبے کی ٹیکسٹائل مارکیٹ میں جدت پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی پالیسیوں اور وژن نے غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

الیکٹرک بسیں:
وزیراعلیٰ مریم نواز نے بدھ کو اعلان کیا کہ چین سے مزید 100 الیکٹرک بسوں کا بیڑا پاکستان کے لیے روانہ ہو رہا ہے تاکہ ان اضلاع میں عوامی ٹرانسپورٹ کا دائرہ بڑھایا جا سکے جہاں طویل عرصے سے باضابطہ سروس موجود نہیں۔ یہ بسیں میانوالی، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، مظفرگڑھ، وہاڑی، پاکپتن اور ڈیرہ غازی خان میں چلائی جائیں گی۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین