مانیٹرنگ ڈیسک (مشرق نامہ) وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیلی کابینہ کی جانب سے غزہ پر قبضے کے منصوبے کو بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور متعلقہ قراردادوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف غیر قانونی اور ناجائز ہے بلکہ فلسطینی عوام کے بنیادی انسانی حقوق کی سنگین پامالی بھی ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ اسرائیل کی یہ جارحانہ پالیسی غزہ میں جاری انسانی بحران کو مزید بدترین بنا دے گی اور خطے میں پائیدار امن کے تمام امکانات کو تباہ کر دے گی۔ انہوں نے اس منصوبے کو فلسطینی عوام کی سرزمین ہتھیانے اور انہیں جبری طور پر بے گھر کرنے کی ایک خطرناک کوشش قرار دیا، جس سے کشیدگی اور تشدد میں اضافہ ہوگا۔ شہباز شریف نے عالمی برادری، خصوصاً اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے فوری اور مؤثر مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو اس غیر قانونی منصوبے سے باز رکھا جائے اور فلسطینی عوام کو ان کا حقِ خودارادیت اور آزاد ریاست دلوانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

