مانیٹرنگ ڈیسک (مشرق نامہ): مفتی اعظم عمان شیخ احمد الخلیلی نے کہا ہے صہیونیوں کے گھیرے میں محصور مقاومت سے غیر مسلح ہونے کا مطالبہ نامعقول اور باعث تعجب ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مفتی اعظم سلطنت عمان شیخ احمد الخلیلی نے مقاومتی گروہوں سے اسلحہ رکھ دینے کے مطالبے پر سخت تعجب کا اظہار کیا ہے اور واضح الفاظ میں کہا ہے کہ دشمن کے ظلم و محاصرے کے باوجود، فلسطینی عوام کو مزاحمت ترک نہیں کرنی چاہئے۔
مفتی عمان نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا کہ مجھے تعجب ہے کہ بعض لوگ غزہ کے میدان کارزار اور دیگر مقامات پر صہیونی حکومت سے نبردآزما مجاہدین سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ اپنا اسلحہ رکھ دیں، حالانکہ غزہ کے باشندے "صہیونی دشمن” کے چاروں طرف سے محاصرے میں ہیں، ان پر بمباری ہو رہی ہے اور انہیں خوراک اور دواؤں سے بھی محروم کیا جا رہا ہے۔
مفتی احمد الخلیلی نے مزید کہا کہ مقاومت سے اسلحہ رکھوا دینا کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کو قرآن کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے موجودہ حالات میں صبر اور دشمن کے سامنے استقامت کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔