لاہور (مشرق نامہ) : وزارت داخلہ نے پروف آف رجسٹریشن (PoR) کارڈ رکھنے والے غیر ملکیوں کی واپسی کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے افغان شہریوں کی رضاکارانہ واپسی کا عمل فوری طور پر شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزارت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، PoR کارڈ رکھنے والے افغان شہریوں کی رضاکارانہ واپسی بلا تاخیر شروع کی جا رہی ہے، جبکہ باقی ماندہ PoR ہولڈرز کی باقاعدہ ملک بدری کا عمل یکم ستمبر سے شروع ہو گا۔
یہ فیصلہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں سیکیورٹی خدشات اور قومی وسائل پر بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیش نظر کیا گیا۔
دوسری جانب، افغان سٹیزن کارڈ (ACC) رکھنے والوں کی واپسی کا عمل وزارت داخلہ کے پہلے سے اعلان کردہ افغان ریپٹری ایشن پروگرام (IFRP) کے تحت جاری رہے گا۔
وزارت خارجہ اس واپسی کے عمل میں افغان عبوری حکومت، یو این ایچ سی آر اور دیگر متعلقہ عالمی اداروں کے ساتھ رابطے میں رہے گی، جبکہ وزارت امور کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران متعلقہ صوبائی و ضلعی کمیٹیوں کو PoR ہولڈرز کا ڈیٹا فراہم کریں گی۔

