اسلام آباد (مشرق نامہ): عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں یکم اگست سے پٹرول کی قیمت میں 9.7 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 168.73 روپے سے کم ہو کر 159.66 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے، جب کہ ڈیزل کی قیمت میں بھی 3.73 روپے فی لیٹر کمی ہوئی ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمت 75.27 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 73.19 ڈالر ہو گئی ہے، اور پریمیم بھی 9.61 ڈالر سے کم ہو کر 6.74 ڈالر فی بیرل رہ گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں کسٹمز ڈیوٹی بھی 15.33 روپے سے کم ہو کر 14.29 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں تبدیلی کے باعث قیمتوں میں مزید رد و بدل ممکن ہے۔ تیل کی قیمتوں کا حتمی تعین وزارتِ خزانہ کو 31 جولائی کو پیش کیا جائے گا، جو اپنے ریونیو اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرے گی۔
تاہم اگر حکومت پٹرولیم مصنوعات پر لیوی میں اضافہ کرتی ہے تو عوام کو قیمتوں میں ممکنہ کمی کا مکمل فائدہ نہیں پہنچ پائے گا۔ نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن وزارت خزانہ جلد جاری کرے گی۔

