اسلام آباد (مشرق نامہ): جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں جمعہ کے روز چین کی پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کے قیام کی 98ویں سالگرہ منائی گئی۔ اس موقع پر چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ چینی سفارتخانے کے دیگر حکام، میجر جنرل وانگ ژونگ (ڈیفنس اتاشی)، اور پاکستان کی تینوں افواج کے سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔
آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے PLA کو سالگرہ پر مبارکباد دی اور چین کے دفاع، سلامتی اور تعمیرِ وطن میں PLA کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات وقت کی کسوٹی پر پورے اترے ہیں اور علاقائی و عالمی حالات میں تبدیلی کے باوجود یہ رشتہ ناقابلِ شکست ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری باہمی اعتماد، غیر متزلزل حمایت اور مشترکہ عزم کی مثال ہے، اور دونوں افواج خطے میں استحکام اور مشترکہ مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی رہیں گی۔
چینی سفیر نے تقریب کے انعقاد پر پاکستان آرمی کا شکریہ ادا کیا اور انسداد دہشتگردی میں پاکستانی افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے پاک چین تعلقات کی مضبوطی کی یقین دہانی کرائی۔

