کراچی/سنگاپور(مشرق نامہ): پاکستان کی سب سے بڑی ریفائننگ کمپنی سینرجیکو (Cnergyico) نے امریکی کمپنی ویٹول (Vitol) سے 10 لاکھ بیرل امریکی خام تیل خریدنے کا معاہدہ کر لیا ہے، جس کی ترسیل اکتوبر 2025 میں متوقع ہے۔ کمپنی کے نائب چیئرمین اسامہ قریشی نے رائٹرز کو بتایا کہ یہ پاکستان کی جانب سے پہلی مرتبہ امریکی خام تیل (ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ – WTI) کی براہِ راست درآمد ہوگی۔ مذکورہ کارگو رواں ماہ ہیوسٹن سے روانہ ہوگا اور اکتوبر کے دوسرے حصے میں کراچی پہنچنے کی توقع ہے۔
قریشی نے کہا کہ یہ ایک ٹیسٹ اسپاٹ کارگو ہے، جو کمپنی کے ویٹول کے ساتھ فریم ورک معاہدے کے تحت لایا جا رہا ہے۔ اگر یہ تجارتی طور پر فائدہ مند ثابت ہوا اور مستقل دستیابی ممکن ہوئی، تو کمپنی ہر ماہ کم از کم ایک امریکی تیل کارگو درآمد کرنے پر غور کرے گی۔
یہ پیشرفت ایک ایسے موقع پر ہوئی ہے جب پاکستانی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک اور ٹریڈ رپریزنٹیٹو ایمبیسیڈر جیمیسن گریئر کے ساتھ اہم ملاقات میں امریکی انتظامیہ کے ساتھ تجارتی معاہدے پر اہم پیشرفت حاصل کی۔ مذاکرات کا آغاز اپریل 2025 میں اس وقت ہوا تھا جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان پر بھاری درآمدی محصولات لگانے کی دھمکی دی تھی۔
اگرچہ ابھی اسلام آباد یا واشنگٹن کی طرف سے معاہدے کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئیں، تاہم وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ اس معاہدے کے تحت پاکستانی برآمدات پر امریکی محصولات میں کمی آئے گی، اور یہ دو طرفہ اقتصادی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔
صدر ٹرمپ نے ایک روز قبل سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ امریکہ اور پاکستان نے ایک معاہدہ طے کیا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک مل کر پاکستان میں موجود تیل کے بڑے ذخائر کی ترقی پر کام کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس مقصد کے لیے تیل کمپنی کے انتخاب کا عمل بھی جاری ہے۔
معاہدے کے دیگر پہلوؤں میں توانائی، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کرپٹو کرنسی اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون شامل ہوگا۔ حکومتِ پاکستان کے مطابق، یہ معاہدہ پاکستان کی امریکی منڈیوں تک بہتر رسائی، تجارت میں اضافے، اور امریکی سرمایہ کاری کے فروغ کا سبب بنے گا۔
وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف معاشی بلکہ اسٹریٹجک تعاون کو بھی نئی سطح پر لے جائے گا۔ انہوں نے مذاکرات میں حصہ لینے والے تمام فریقین، خصوصاً نجی شعبے کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت آئندہ بھی ان کی مکمل معاونت جاری رکھے گی۔
یاد رہے کہ 2024 میں امریکہ اور پاکستان کے درمیان کل تجارتی حجم تقریباً 7.3 ارب ڈالر رہا، جو 2023 میں 6.9 ارب ڈالر تھا۔ جبکہ امریکہ کو پاکستان کے ساتھ 3 ارب ڈالر کا تجارتی خسارہ ہوا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 5.2 فیصد زیادہ ہے۔

