بدھ, فروری 18, 2026
ہومبین الاقوامیروس میں 8.8 شدت کا زلزلہ، سونامی الرٹ؛ جاپان و ہوائی میں...

روس میں 8.8 شدت کا زلزلہ، سونامی الرٹ؛ جاپان و ہوائی میں انخلاء
ر

مانیٹرنگ ڈیسک (مشرق نامہ)روس کے مشرقی علاقے کامچاٹکا میں آنے والے 8.8 شدت کے زلزلے نے بحرالکاہل کے متعدد ممالک میں خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی، اور جاپان، ہوائی، میکسیکو، پیرو، ایکواڈور سمیت کئی ساحلی ممالک نے شہریوں کو ساحلی علاقوں سے انخلاء کے احکامات دے دیے۔

جاپان میں 2011 کے سونامی سے متاثرہ نیوکلیئر پلانٹ کے حوالے سے خدشات کے باوجود فی الحال کسی قسم کے نقصان یا ریڈی ایشن کی اطلاع نہیں ملی۔ جاپانی چیف کابینہ سیکرٹری یوشی ماسا ہیاشی نے بتایا کہ تمام جوہری تنصیبات محفوظ ہیں۔

امریکہ کا سونامی وارننگ سسٹم خبردار کر رہا ہے کہ آئندہ تین گھنٹوں کے اندر خطرناک سونامی لہریں آ سکتی ہیں۔ روس اور ایکواڈور کے کچھ ساحلی علاقوں میں 3 میٹر سے زائد اونچی لہریں ممکن ہیں، جب کہ جاپان، ہوائی، کوسٹا ریکا، گوام، چلی، اور جزائر سلیمان میں 1 سے 3 میٹر اونچی لہریں متوقع ہیں۔ دیگر ممالک جیسے آسٹریلیا، میکسیکو، نیوزی لینڈ، تائیوان، اور کولمبیا میں بھی لہریں ایک میٹر تک پہنچ سکتی ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کہا:”ایک زبردست زلزلے کے بعد بحرالکاہل میں سونامی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ ہوائی میں فوری خطرہ ہے جبکہ الاسکا اور امریکی مغربی ساحل پر سونامی واچ جاری ہے۔ جاپان بھی راستے میں ہے۔

ہوائی میں ساحلی علاقوں سے انخلاء کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ ہونولولو کے ایمرجنسی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے وارننگ دی: فوری اقدام کریں! تباہ کن سونامی لہریں متوقع ہیں۔ لوگوں کو اونچی جگہوں یا عمارتوں کی چوتھی منزل تک منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

میکسیکو، پیرو اور ایکواڈور نے بھی اپنی ساحلی آبادی کو الرٹ کر دیا ہے۔ ایکواڈور کے گالا پیگوس جزائر میں ساحلی علاقوں سے پیشگی انخلاء اور تمام بحری سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔ پیرو کی بحریہ نے بھی اپنی ساحلی پٹی پر سونامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

چین کے سونامی وارننگ سینٹر نے بتایا کہ اس کے مشرقی ساحلی علاقوں میں 30 سینٹی میٹر سے 1 میٹر اونچی لہریں متوقع ہیں، اور کچھ علاقوں میں نقصان کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

روس کی اکیڈمی آف سائنسز کے مطابق یہ 1952 کے بعد کامچاٹکا ریجن میں آنے والا سب سے طاقتور زلزلہ ہے، تاہم اس کے مرکز کی گہرائی اور مقام کی وجہ سے جھٹکوں کی شدت توقع سے کم رہی۔ حکام کے مطابق آفٹر شاکس جاری ہیں مگر فی الحال مزید شدید زلزلے کا خطرہ نہیں۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین