بیجنگ(مشرق نامہ):
پاکستان نے چین کو ابلا ہوا بیف (Boiled Beef) برآمد کرنے والے سب سے بڑے سپلائر کی حیثیت حاصل کر لی ہے، جس نے 2025 کی پہلی ششماہی میں برآمدات کی مالیت میں 139 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا ہے۔ یہ اعداد و شمار چین کے جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز (GACC) کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں۔
جنوری سے جون 2025 کے دوران پاکستان نے چین کو 1,030,606 کلوگرام ابلا ہوا بیف برآمد کیا، جس کی کل مالیت 5.24 ملین ڈالر رہی۔ 2024 کے اسی عرصے میں یہ مالیت 2.36 ملین ڈالر تھی۔ فی کلو قیمت بڑھ کر 5.47 ڈالر ہو گئی، جو گوشت کے معیار میں بہتری اور چینی مارکیٹ میں پاکستانی گوشت کی مانگ میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔
پاکستان نے اس کارکردگی کے ذریعے منگولیا جیسے علاقائی حریف کو پیچھے چھوڑ دیا، جس نے اسی عرصے میں چین کو 3 ملین ڈالر مالیت کا ابلا ہوا بیف برآمد کیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کی اس کامیابی کی بڑی وجہ چین کے سخت فوڈ سیفٹی، حفظانِ صحت، اور قرنطینہ ضوابط پر مکمل عمل درآمد ہے، خصوصاً ہیٹ ٹریٹڈ (گرمی سے تیار کردہ) گوشت کے لیے۔
اس برآمدی کامیابی سے پاک چین تجارتی معاہدوں اور خصوصی رعایتی پالیسیوں کے ثمرات بھی ظاہر ہوتے ہیں، جنہوں نے پاکستانی مصنوعات کے لیے چینی منڈی کو مزید کھولا ہے۔ ساتھ ہی، چینی صارفین میں پاکستانی حلال گوشت کی مقبولیت میں بھی واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

