اسلام آباد(مشرق نامہ):
پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر ایک تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے انٹرنیشنل سائنس اولمپیاد میں اپنا پہلا گولڈ میڈل حاصل کر لیا ہے۔ یہ اعزاز عبدالرفیع پراچہ نے 35ویں انٹرنیشنل بائیولوجی اولمپیاد میں جیتا، جو حال ہی میں فلپائن میں منعقد ہوا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان نے کسی بھی بین الاقوامی سائنس اولمپیاد میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے، اور اس کامیابی کو ملک کی تعلیمی تاریخ میں ایک سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان 2001 سے انٹرنیشنل فزکس اولمپیاد، 2005 سے ریاضی اولمپیاد، اور 2006 سے بائیولوجی و کیمسٹری اولمپیاد میں حصہ لے رہا ہے۔ ان برسوں میں 380 سے زائد طلبہ نے ان مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی، جنہوں نے مجموعی طور پر 140 تمغے حاصل کیے ہیں۔ مزید برآں، 4,500 سے زیادہ طلبہ نے 240 سے زائد تربیتی کیمپوں کے ذریعے اعلیٰ سائنسی تربیت حاصل کی ہے جو ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے تحت مختلف اداروں میں منعقد کیے گئے۔
اس شاندار کامیابی پر ملک بھر سے طلبہ، اساتذہ، سائنس دانوں اور تعلیمی اداروں کی جانب سے عبدالرفیع پراچہ کو زبردست مبارکباد دی جا رہی ہے۔ ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ یہ کارنامہ پاکستان میں سائنسی تعلیم اور تحقیق کے فروغ کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔

