اسلام آباد(مشرق نامہ) – سپریم کورٹ آف پاکستان نے بچوں کے نان و نفقہ (Child Maintenance) کے تعین سے متعلق اہم رہنما اصول جاری کیے ہیں، جن کا مقصد خاندانی مقدمات میں یکسانیت، شفافیت اور بچوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ نان و نفقہ کا تعین بچے کی عمر، ضروریات، مہنگائی کی شرح، اور والد کی آمدنی و معیارِ زندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ فیصلے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ بچے کی تعلیم، صحت، خوراک، لباس اور رہائش جیسی بنیادی ضروریات کو پورا کرنا والد کی قانونی و اخلاقی ذمہ داری ہے، اور اس میں کسی قسم کی تاخیر یا کوتاہی قابلِ قبول نہیں۔ عدالت نے ذیلی عدالتوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ نان و نفقہ کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹائیں اور عبوری نان و نفقہ فوری طور پر مقرر کریں تاکہ بچے کی فلاح و بہبود متاثر نہ ہو۔ ماہرینِ قانون نے اس فیصلے کو بچوں کے حقوق کے تحفظ اور عدالتی نظام میں اصلاح کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

