پاکستان(مشرق نامہ)صنعتی بحالی کی امیدوں کو تقویت ملنے لگی ہے، خصوصاً پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے امکانات ایک بار پھر روشن ہو گئے ہیں۔ حال ہی میں روس سے اسٹیل انڈسٹری سے وابستہ ماہر انجینئرز کے ایک وفد نے پاکستان اسٹیل ملز کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران وفد نے ملز کے مختلف پلانٹس اور شعبوں کا معائنہ کیا اور وہاں موجود مشینری و آلات کا بغور جائزہ لیا۔ ماہرین کو پاکستان اسٹیل کے سابق ڈائریکٹر اور ٹیکنیکل آفیسر، مسعود اصغر نے تکنیکی پہلوؤں پر جامع بریفنگ دی۔
دورے کے دوران روسی وفد نے اسٹیل ملز کے قریب واقع نیشنل انڈسٹریل پارک کا بھی مشاہدہ کیا، تاکہ صنعتی ماحول اور ممکنہ سرمایہ کاری کے مواقع کا اندازہ لگایا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق روسی ماہرین اپنا ابتدائی تجزیہ اور رپورٹ پاکستان اور روس کی وزارتِ پیداوار کے متعلقہ حکام کو پیش کریں گے۔
اسٹیل ملز کے پیداواری عمل کی بحالی کا مکمل انحصار روسی وفد کی رپورٹ اور سفارشات پر ہوگا۔ اگر رپورٹ مثبت رہی تو پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کا عمل جلد شروع ہو سکتا ہے، جو ملکی معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت ہو گی۔

