کوئٹہ (مشرق نامہ): چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنے عہدے کا منصب سنبھالنے کے بعد کوئٹہ کا پہلا سرکاری دورہ کیا۔ سپریم کورٹ رجسٹری کوئٹہ پہنچنے پر عدالتی حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ شہر بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ اس دورے کے دوران سپریم کورٹ کے دو بینچز مختلف نوعیت کے مقدمات کی سماعت کر رہے ہیں۔ بینچ نمبر 1 کی سربراہی چیف جسٹس یحییٰ آفریدی خود کر رہے ہیں، جن کے ساتھ جسٹس شکیل احمد شامل ہیں، جبکہ بینچ نمبر 2 میں جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔ یہ دورہ بلوچستان میں عدالتی عمل کی نگرانی اور انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

