جمعرات, فروری 19, 2026
ہومبین الاقوامیشامی افواج کی سویداء میں سکیورٹی کارروائی، دیہی علاقوں پر بمباری

شامی افواج کی سویداء میں سکیورٹی کارروائی، دیہی علاقوں پر بمباری
ش

دمشق (مشرق نامہ)– شام کی وزارتِ داخلہ اور وزارتِ دفاع نے پیر کے روز ایک مشترکہ سکیورٹی منصوبے کے تحت جنوبی صوبہ سویداء میں ریاستی رٹ بحال کرنے اور غیر قانونی مسلح گروہوں کا مقابلہ کرنے کے لیے فوجی آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کے بعد شہری ہلاکتوں میں اضافے پر بین الاقوامی تحفظ کے مطالبات بھی زور پکڑنے لگے ہیں۔

وزارتِ داخلہ کے ترجمان نورالدین البابا نے اعلان کیا کہ سویداء کے عوام کی اپیلوں کے جواب میں، اور صوبے کے مؤثر فریقوں کے ساتھ ہم آہنگی کے تحت، وزارتِ دفاع اور وزارتِ داخلہ نے ایک سکیورٹی تعیناتی کا منصوبہ تیار کیا ہے تاکہ قانون کی حکمرانی نافذ کی جا سکے، ریاستی اختیار بحال ہو، اور غیر قانونی مسلح گروہوں کو غیر مسلح کیا جا سکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ "حالات ریاستِ شام کے حق میں حل کی جانب بڑھ رہے ہیں، جیسا کہ ایوانِ صدارت کی جانب سے طے کردہ وژن میں درج ہے۔” انھوں نے واضح کیا کہ یہ منصوبہ صوبے کے فعال عناصر کے ساتھ مثبت مشاورت اور شراکت کی بنیاد پر نافذ کیا جا رہا ہے۔

ترجمان نے زور دیا کہ "غیر قانونی گروہ سویداء میں شہری دھارے کی آواز کو خاموش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔”

وزارتِ دفاع نے بعدازاں اطلاع دی کہ سویداء میں جھڑپیں روکنے کے لیے کی جانے والی کارروائی کے دوران چھ فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے، جو کہ غیر قانونی مسلح گروہوں کے حملے کے بعد کی گئی۔

دروز رہنما کا عالمی تحفظ کا مطالبہ

ادھر، شام میں دروز برادری کے روحانی پیشوا شیخ حکمۃ الحجری نے موجودہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر ایک بیان جاری کرتے ہوئے فوری عالمی تحفظ کی اپیل دوبارہ دہرائی ہے۔

انہوں نے شامی سکیورٹی اداروں، بشمول جنرل سکیورٹی اور کمیشن، کی سویداء میں موجودگی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے گزشتہ شب "تحفظ فراہم کرنے” کے بہانے انتظامی سرحدوں میں داخل ہوئے، لیکن درحقیقت انہوں نے دیہی علاقوں پر بمباری کی اور "تکفیری گروہوں” کو بھاری ہتھیاروں اور ڈرونز کے ذریعے معاونت فراہم کی۔

بیان میں اُن تمام فریقوں کو ذمہ دار قرار دیا گیا جو شہریوں پر حملوں میں ملوث ہیں یا ان سکیورٹی اداروں کو مدد فراہم کر رہے ہیں، اور کہا گیا کہ بین الاقوامی تحفظ کا مطالبہ دراصل شہری خونریزی کو روکنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

ایس ڈی ایف کی سویداء پر حملوں کی مذمت

علیحدہ طور پر، شامی ڈیموکریٹک فورسز (SDF) کے میڈیا مرکز نے سویداء کے دیہات اور قصبوں پر مسلسل حملوں کی شدید مذمت کی ہے جن کے نتیجے میں متعدد شہری ہلاک ہوئے، جبکہ گھروں، املاک، کھیتوں اور زمینوں کو لوٹا اور نذر آتش کیا گیا۔

مرکز نے خبردار کیا کہ ان حملوں کا تسلسل، اور شہریوں کی آزادی، نقل و حرکت اور عزت نفس کی پامالی نہ صرف تشویشناک ہے بلکہ یہ شامی عوام کے پرامن اور محفوظ مستقبل کی اُمیدوں کے لیے سنگین خطرہ بھی ہے۔

خونریز جھڑپیں، درجنوں ہلاک و زخمی

پیر کی شب جنوبی شام میں شدید جھڑپیں ہوئیں جن میں کم از کم 37 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے۔ المیادین کو مقامی ذرائع نے بتایا کہ یہ تصادم سویداء کے دروز مسلح گروہوں اور بدو قبائل کے درمیان ہوا، جو التھعلہ فوجی ہوائی اڈے اور گاؤں حضم کے پُل کے قریب پیش آئے۔

مزید یہ کہ ذرائع کے مطابق، شدید جھڑپوں کے بعد مسلح گروہوں نے سویداء کے نواحی گاؤں "الصرہ” پر قبضہ کر لیا، جس سے وہاں نقل مکانی کی نئی لہر شروع ہو گئی ہے۔ تاہم، مقامی دھڑوں نے مغربی سویداء کے گاؤں "الطیرہ” پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے، جبکہ خلخلہ کے علاقے کے رہائشی تصادم کے خدشے کے پیش نظر شہر کی جانب نقل مکانی کر رہے ہیں۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین