جمعرات, فروری 19, 2026
ہومپاکستانبنوں: دہشتگردوں کا کوآڈ کاپٹر سے تھانے پر حملہ

بنوں: دہشتگردوں کا کوآڈ کاپٹر سے تھانے پر حملہ
ب

خیبر پختونخوا(مشرق نامہ):ضلع بنوں کے علاقے میرین میں دہشتگردوں نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن پر کواڈ کاپٹر کے ذریعے حملہ کیا۔ پولیس حکام کے مطابق یہ حملہ ہفتے کے روز ہوا اور گزشتہ ایک ماہ کے دوران اسی پولیس اسٹیشن پر ہونے والا یہ پانچواں حملہ تھا۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق، دہشتگردوں نے کواڈ کاپٹر کے ذریعے دھماکہ خیز مواد پولیس اسٹیشن کی عمارت پر گرایا، جو احاطے میں گرا تاہم کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس اہلکار اس حملے میں محفوظ رہے، جبکہ انہوں نے کواڈ کاپٹر پر فائرنگ بھی کی مگر بلندی زیادہ ہونے کی وجہ سے نشانہ بنانے میں ناکام رہے۔ سیکیورٹی فورسز نے واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا اور ضلع بھر میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ سال کے دوران خیبر پختونخوا میں کئی ایسے حملے ہوئے ہیں جن میں دہشتگردوں نے ریموٹ کنٹرول کواڈ کاپٹرز کے ذریعے دھماکہ خیز مواد گرایا۔ فوج ان حملوں کا الزام کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) پر عائد کرتی ہے۔ دہشتگردوں کے اس جدید طریقہ واردات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھاتے جا رہے ہیں۔

اسی رات ضلع لکی مروت کے علاقے سراہی گمبیلہ میں بھی پولیس نے دہشتگردوں کا ایک حملہ ناکام بنایا۔ پولیس کے مطابق، تقریباً ایک درجن مسلح افراد نے رات گئے پولیس اسٹیشن پر بھاری اور ہلکے ہتھیاروں سے حملہ کیا تاکہ عمارت پر قبضہ کیا جا سکے۔ حملہ آوروں نے چاروں اطراف سے پولیس اسٹیشن کو گھیرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس کی شدید جوابی فائرنگ کے بعد وہ فرار ہو گئے۔ اس حملے میں بھی تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے۔ سراہی گمبیلہ پولیس اسٹیشن پشاور-کراچی ہائی وے کے ساتھ گمبیلہ دریا کے قریب واقع ہے، اور اس پر ماضی میں بھی کئی حملے ہو چکے ہیں۔

انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان نے دونوں حملوں کے دوران پولیس اہلکاروں کی بروقت کارروائی اور بہادری کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین