اسلام آباد (مشرق نامہ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار 11 جولائی کو ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں ہونے والے 32ویں آسیان ریجنل فورم (ARF) کے وزارتی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
اجلاس میں 27 رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، سینئر حکام اور آسیان کے سیکریٹری جنرل شرکت کریں گے۔ فورم میں ایشیا پیسفک خطے کو درپیش سیاسی اور سیکیورٹی چیلنجز پر بات چیت ہوگی، اور امن، استحکام و کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا جائے گا۔
اسحاق ڈار اجلاس میں علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور بین الاقوامی تعاون و پرامن تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کریں گے۔ وہ ملائیشیا کے وزیر خارجہ سمیت دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
اپنے دورے کے دوران ڈار ملائیشیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گے۔ واضح رہے کہ آسیان ریجنل فورم 1994 میں قائم کیا گیا تھا اور یہ ایشیا پیسفک میں سیاسی و سیکیورٹی مکالمے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔

