اسلام آباد (مشرق نامہ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے منگل کے روز اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایران کے خلاف حالیہ اسرائیلی جارحیت کے دوران شہید اور زخمی ہونے والے ایرانی شہریوں سے اظہار تعزیت اور یکجہتی کیا۔
وزیراعظم نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے اور کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے ایرانی عوام کے صبر و حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، مشیر طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔ ایرانی سفیر رضا امیری مقدم اور سفارتخانے کے سینئر ارکان نے ان کا خیرمقدم کیا۔
وزیراعظم نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ایران کو پاکستان کی مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔

