ویانا(مشرق نامہ)اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر کامران اختر کو اقوامِ متحدہ کے صنعتی ترقیاتی بورڈ (UNIDO) کے 53ویں اجلاس کا صدر منتخب کر لیا گیا ہے، جو پاکستان کے لیے ایک اہم سفارتی کامیابی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی پاکستانی نمائندے کو UNIDO کے بورڈ کی صدارت کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس پیش رفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے نظام میں اپنا مثبت اور مؤثر کردار جاری رکھے ہوئے ہے، اور عالمی اصولوں پر مبنی نظام کے ساتھ اپنی وابستگی کو مضبوطی سے نبھا رہا ہے۔ سفیر کامران اختر کے انتخاب کو UNIDO کے رکن ممالک کی جانب سے پاکستان پر اعتماد اور تنظیم میں اس کے فعال کردار کا اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اپنی تقریر میں رکن ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عالمی صنعتی ترقی، غربت میں کمی اور کم ترقی یافتہ و پسماندہ ممالک کی پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے UNIDO کے پلیٹ فارم کو مزید مؤثر بنائیں گے۔ اس وقت پاکستان UNIDO کے ساتھ یورپی یونین کے تعاون سے چلنے والے 350 ملین یورو سے زائد کے منصوبوں میں شامل ہے، جن میں ٹیکسٹائل، چمڑا، خوراک، ماہی گیری، قابلِ تجدید توانائی اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبے شامل ہیں۔ پاکستان کا "PAIDAR” اور "PAFAID” جیسے منصوبے بھی UNIDO کے ساتھ مل کر غربت میں کمی، روزگار کے مواقع بڑھانے اور صنعتی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس کامیابی سے پاکستان کی عالمی صنعتی ترقی میں شمولیت کو مزید تقویت ملے گی۔

