پیر, جولائی 7, 2025
ہوممضامینٹرمپ نے امریکہ کی تباہی کا آغاز کر دیا ہے

ٹرمپ نے امریکہ کی تباہی کا آغاز کر دیا ہے
ٹ

عبدالباری عطوان

ڈونلڈ ٹرمپ بلاشبہ اس صدر کے طور پر یاد رکھے جائیں گے جس نے امریکہ کو ایک پولیس ریاست میں تبدیل کر دیا۔ اس نے لاس اینجلس میں دو ہزار نیشنل گارڈ فوجیوں کو تعینات کیا، اس دعوے کے ساتھ کہ وہ اسے "مہاجرین کے حملے” سے آزاد کرا رہا ہے، حالانکہ ان میں سے بیشتر لاطینی امریکی ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس کے نزدیک ان کا اصل جرم یہ تھا کہ وہ اس کے نافذ کردہ قوانین اور اس کی حکومت کی نئی امیگریشن پالیسیوں کے خلاف قانونی طور پر احتجاج کرنے اور مظاہرے کرنے کے اپنے آئینی حق کو استعمال کر رہے تھے۔

صدر ٹرمپ اپنے دوست، اتحادی اور رہنما بنیامین نیتن یاہو اور اس کے گرد موجود صیہونی گروہ کی پیروی کر رہا ہے، جو طاقت کے اندھے استعمال اور ان تمام اقدار، قوانین اور روایات کی پامالی کے ذریعے امریکہ کو تباہ کر رہے ہیں، جنہوں نے اس ملک کو عظیم، بقائے باہمی، اعلیٰ کارکردگی اور تخلیق کا مرکز بنایا تھا، اور جو تمام نفرت انگیز نسلی رجحانات کے برخلاف تھے۔

کیلیفورنیا کی راجدھانی لاس اینجلس، جو امریکہ کی سب سے بڑی اور سب سے زیادہ آزاد خیال اور جمہوری ریاست ہے، مکمل طور پر میدان جنگ بن چکی ہے۔ فوجی دکانوں پر چھاپے مار رہے ہیں تاکہ "غیر قانونی” تارکین وطن کو تلاش کیا جا سکے، جنہیں انسانی ہمدردی کے بغیر، بے رحمی سے حراستی مراکز میں پھینکا جا رہا ہے، اور ریاستی قانون اور منتخب لبرل گورنر گیون نیوزم کی اجازت کے بغیر ان کی جبری ملک بدری کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں ہر جگہ نظر آتی ہیں۔ گویا ٹرمپ اور اس کے سفید فام آبا و اجداد 300 سال قبل امریکہ سرکاری ویزوں پر آئے تھے اور اصلی پناہ گزین تھے۔

ٹرمپ کو کیلیفورنیا سے سیاسی اور نسلی دشمنی ہے، کیونکہ یہ ریاست امریکہ کی سب سے زیادہ لبرل، ترقی پسند اور سوشلسٹ ریاست سمجھی جاتی ہے، جو مسلسل ڈیموکریٹک پارٹی کی حمایت کرتی ہے۔ یہ پارٹی کا ایک اہم قلعہ مانی جاتی ہے۔ ریاست کے گورنر گیون نیوزم کو امریکہ میں ڈیموکریٹک جماعت کے سب سے مقبول امیدوار کے طور پر دیکھا جاتا ہے، اور ریاست کی اکثریتی آبادی رنگدار لوگوں پر مشتمل ہے، جن کے چہرے اور ثقافت لاطینی ہیں۔ گیون نیوزم کے اگلے صدارتی انتخابات جیتنے کے امکانات کافی بلند سمجھے جا رہے ہیں۔

حقیقی امریکی شہری لاطینی نژاد ہیں، جب کہ اصل حملہ آور وہ سفید فام یورپی نسل پرست ہیں جنہوں نے مقامی امریکیوں کے خلاف نسل کشی کی، بالکل ویسے ہی جیسے نیتن یاہو ہمارے عوام کے خلاف غزہ، مغربی کنارے، شام، لبنان اور یمن میں کر رہا ہے۔

فی الحال، امریکہ دنیا کی سب سے زیادہ آمریت پسند، نسل پرست اور ظالم ریاست بن چکا ہے، جو دنیا کی اکثر جنگوں کا ذمہ دار ہے، چاہے وہ یوکرین ہو، مشرقِ وسطیٰ، افغانستان، لیبیا، یمن یا جلد جنوبی ایشیا، اور ان سب کی قیادت ٹرمپ جیسے نسل پرستوں کے ہاتھ میں ہے۔

امریکہ کی تباہی، اس کے امن و استحکام کی بربادی، اور اس میں خانہ جنگی کی چنگاری، ان پالیسیوں کا نتیجہ ہیں جو ٹرمپ اور وہ صیہونی ٹولہ اپنائے ہوئے ہیں جو اسے کٹھ پتلی کی طرح چلا رہا ہے تاکہ دنیا کو تقسیم کیا جا سکے اور جنگ کی بیج بوئی جا سکے۔ لاس اینجلس میں یہ اشتعال انگیز اور جابرانہ مداخلت اس منصوبے کا پہلا اور سب سے اہم قدم ہے۔

کیلیفورنیا ایک پورا براعظم ہے، اور اس کی معیشت امریکہ کی سب سے بڑی ریاستی معیشت ہونے کے ساتھ ساتھ، دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے—امریکی وفاقی معیشت، چین اور جرمنی کے بعد۔ اس کا تخمینہ تقریباً 4.1 ٹریلین ڈالر ہے، جبکہ برطانیہ، فرانس، کینیڈا، اٹلی اور برازیل اس کے بعد آتے ہیں۔ یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ ٹرمپ کی یلغار، موجودہ نیشنل گارڈ کی تعیناتی، اور ممکنہ طور پر مستقبل میں میرین فورسز، کیلیفورنیا کو وفاقی امریکی نظام سے الگ کر سکتی ہیں، جس سے یہ ریاست آزاد ہو کر ایک عظیم عالمی طاقت میں تبدیل ہو سکتی ہے۔ بعید نہیں کہ جنوبی ہمسایہ، باغی ریاست ٹیکساس بھی یہی راستہ اختیار کرے۔

کیلیفورنیا کے آزاد اور باوقار شہری ٹرمپ کی نسل پرست حکمرانی کے خلاف بغاوت میں ہیں، جب کہ عرب مسلمان حکمران ٹرمپ کو پانچ ٹریلین ڈالر پیش کرنے کی دوڑ میں لگے ہیں تاکہ اس تباہ حال امریکی معیشت کو سنبھالا دیا جا سکے، اور اس عوامی قرض کو کم کیا جا سکے جو اب چالیس ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے۔

آخرکار، کیلیفورنیا اور اس کے لاطینی نژاد شہری، جو میکسیکو، برازیل، نکاراگوا، کیوبا، چلی، کولمبیا اور وینزویلا جیسے جنوبی امریکی ممالک کی نسل سے تعلق رکھتے ہیں—وہ تمام ممالک جنہوں نے اپنے دارالحکومتوں سے اسرائیلی سفارتخانے بند کیے اور غزہ میں جاری نسل کشی کی شدید مخالفت کی—وہ فتح یاب ہوں گے اور ٹرمپ اور اس کے نسل پرست حامیوں کی پالیسیوں سے نجات پائیں گے، جنہوں نے امریکہ کو دنیا کی سب سے زیادہ ناپسندیدہ ریاست بنا دیا ہے۔

یہ محض اتفاق نہیں کہ کیلیفورنیا کی بغاوت اور ٹرمپ کے اس فیصلے پر عمل درآمد—جس کے تحت 12 ممالک کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی، جن میں اکثریت اسلامی ممالک (افغانستان، یمن، لیبیا، چاڈ، سوڈان، اریٹیریا) کی ہے—دونوں ایک ہی وقت پر وقوع پذیر ہوئے۔ پانچ ٹریلین ڈالر کی جو رقم ٹرمپ نے صرف دو گھنٹوں میں ہتھیائی، وہ اسی مہمان نواز عرب-اسلامی طرزِ میزبانی کا نتیجہ تھی۔ ہمارے باخبر اور "دوراندیش” عرب حکمرانوں کی عالمی پیش بینی کی کتنی صداقت ہے؟ ثبوت تو بے شمار ہیں… اور وقت خود فیصلہ کرے گا۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین