بدھ, فروری 18, 2026
ہومبین الاقوامیاسرائیل کے جنوبی لبنان پر شدید فضائی حملے

اسرائیل کے جنوبی لبنان پر شدید فضائی حملے
ا

لبنان کی وزارت صحت کے مطابق جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور 20 افراد زخمی ہو گئے، حالانکہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی جاری ہے۔

وزارت نے سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی کے ذریعے جاری بیان میں کہا: نباتیہ میں ایک اپارٹمنٹ پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور ابتدائی طور پر 11 افراد زخمی ہوئے۔

اسرائیلی فضائیہ نے جمعہ کے روز جنوبی لبنان کے شہر نباتیہ کے اطراف واقع پہاڑی علاقوں پر شدید فضائی بمباری کی، جس میں زیرِ زمین اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق دو مرحلوں میں کی گئی ان کارروائیوں میں بنکر بسٹر بم استعمال کیے گئے۔ یہ حملے گذشتہ کئی ہفتوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ شدید تھے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے اس مقام کو نشانہ بنایا جو حزب اللہ کی فائرنگ اور دفاعی نظام کی نگرانی کے لیے استعمال ہوتا تھا اور یہ ایک اہم زیرِ زمین منصوبے کا حصہ تھا، جسے مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔

فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلے سے حزب اللہ کی تعمیر نو کی کوششوں کی نشاندہی کر لی تھی اور اسی بنا پر علاقہ میں بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔ حزب اللہ کی جانب سے ان حملوں پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ 14 ماہ طویل اسرائیل-حزب اللہ جنگ کے بعد نومبر میں ایک امریکی ثالثی سے جنگ بندی طے پائی تھی۔ اس جنگ میں لبنان میں 4,000 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے اور 11 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا، جب کہ اسرائیل میں 127 افراد ہلاک ہوئے جن میں 80 فوجی شامل تھے۔

جنگ بندی معاہدے کے تحت حزب اللہ کو اسرائیل کی سرحد سے متصل علاقوں، یعنی دریائے لیتانی کے جنوب سے ہٹا دیا گیا تھا، اور انہیں ان علاقوں میں مسلح موجودگی کی اجازت نہیں ہے۔

تاہم جمعہ کے فضائی حملے لیتانی دریا کے شمال میں کیے گئے۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین