اسلام آباد – وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے، آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو محمد نعیم جان نے محرم الحرام کے دوران، خصوصاً 9 اور 10 محرم کو، بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے زوم میٹنگ کے ذریعے تمام آپریشنز، تعمیراتی اور دیگر متعلقہ شعبوں کو ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام اوورلوڈڈ اور کم کارکردگی والے ٹرانسفارمرز اور دیگر آلات کو محرم الحرام کے آغاز سے قبل فوری طور پر تبدیل یا اپ گریڈ کیا جائے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ عزاداری کے جلوسوں کے راستے میں آنے والی لٹکتی ہوئی بجلی کی تاروں کو محفوظ بنایا جائے۔ فیلڈ ٹیمیں ضلعی انتظامیہ اور جلوسوں کے منتظمین سے قریبی رابطہ قائم کریں، جلوسوں کے راستوں کی مکمل معلومات حاصل کریں اور ایک جامع منصوبہ ترتیب دیں۔

