کراچی – ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ صرف ریاست کو جہاد کا اعلان کرنے کا اختیار حاصل ہے، کوئی فرد یا گروہ اس کا مجاز نہیں۔
اتوار کے روز مختلف مذہبی طبقات اور سماجی گروپوں کے نمائندوں سے ایک خصوصی ملاقات میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والے برابر کے شہری ہیں اور انہیں مکمل آئینی حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی اتحاد صرف مساوات اور ہم آہنگی سے ممکن ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، تاہم پاک فوج جدید جنگی حکمت عملیوں کے ذریعے دشمن کا مؤثر جواب دے رہی ہے۔ انہوں نے لسانی یا نسلی نفرت کو جہالت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام پاکستانی برابر ہیں، اور اگر متحد ہوں تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں شکست نہیں دے سکتی۔
گزشتہ ماہ ہونے والی 87 گھنٹے طویل جھڑپ — جس میں پاکستان اور بھارت کی جانب سے سرحد پار حملے بھی شامل تھے — دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان دہائیوں کی سب سے بڑی لڑائی تھی، جس میں پاکستان کے 40 شہری اور 13 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔
اس موقع پر مختلف مذہبی اور سماجی حلقوں کے نمائندوں نے ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اس نوعیت کے اجلاس جاری رکھے جائیں۔

