دانشگاه (نیوز ڈیسک) جمعہ کے روز ایران بھر کے شہروں میں نمازِ جمعہ کے بعد بڑے پیمانے پر ریلیاں نکالی گئیں، جن میں صہیونی-امریکی جارحیت کے خلاف احتجاج کیا گیا اور ایرانی مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
دارالحکومت تہران میں ہزاروں افراد نے تہران یونیورسٹی سے مغربی تہران میں واقع آزادی ٹاور تک مارچ کیا۔ اس دوران مظاہرین نے شہداء کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور صہیونی حکومت اور اس کے مغربی سرپرستوں، خصوصاً امریکہ، کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مشہد، اصفہان، تبریز، قم، شیراز، قزوین، یزد اور گیلان سمیت متعدد شہروں میں بھی اسی طرح کی ریلیاں نکالی گئیں، جہاں عوام نے ملک کی مسلح افواج کے ساتھ غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
"صہیونی حکومت مردہ باد”، "امریکی تکبر مردہ باد”، اور "شہداء زندہ باد” جیسے نعرے فضا میں گونجتے رہے، جو دشمن کے خلاف قومی اتحاد و یکجہتی کا مظہر تھے۔
ریلیوں میں ہر طبقے اور ہر عمر کے افراد شریک تھے، جنہوں نے صہیونی حکومت اور اس کے سامراجی اتحادیوں کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایک نوجوان مظاہر نے پریس ٹی وی کو بتایا: "میں یہاں ایران کے لیے ہوں، اس سرزمین کی مقدس مٹی کے لیے، شہداء کے لیے، رہبر کے لیے۔ میں اپنی آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک اپنے وطن کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔”
ایک اور مظاہر نے کہا: "آج پورا ملک دشمن کے خلاف متحد ہے کیونکہ حد عبور ہو چکی ہے۔ ہم اپنے عظیم شہداء کے پاکیزہ خون کا بدلہ ضرور لیں گے۔”
یہ مظاہرے اس اسرائیلی جارحیت کے بعد ہوئے ہیں جو گزشتہ جمعہ کو بغیر کسی اشتعال کے کی گئی، جس میں کئی اعلیٰ ایرانی عسکری کمانڈرز، جوہری سائنسدان، عام شہری، بچے اور خواتین شہید ہوئیں، جس کے جواب میں ایران نے آپریشن وعدۂ صادق ۳ کا آغاز کیا۔
اب تک اس آپریشن کی پندرہ لہروں میں اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) کی قیادت میں ایرانی مسلح افواج نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی فوجی و انٹیلی جنس مراکز کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔
عسکری ماہرین کا کہنا ہے کہ ان میزائل و ڈرون حملوں نے اسرائیلی فضائی دفاعی نظام کی ناکامی کو بے نقاب کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں غیر قانونی آبادکار اور حکومتی اہلکار اپنے گھروں کو چھوڑ کر زیر زمین پناہ گاہوں میں چھپنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
جمعہ کے روز عراق اور یمن میں بھی ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے بڑے پیمانے پر مظاہرے کیے گئے، جن میں مظاہرین نے صہیونی حکومت کے جنگی جرائم کی شدید مذمت کی۔

