اسلام آباد/تہران:
وزیرِاعظم شہباز شریف نے ہفتے کے روز ایران کے ساتھ پاکستان کی بھرپور یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے پڑوسی ملک پر اسرائیلی حملے کو بین الاقوامی قانون اور علاقائی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔
وزیرِاعظم نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان سے ٹیلیفونک گفتگو میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور اسرائیلی اقدامات کو اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔
وزیرِاعظم نے حملوں میں جاں بحق ہونے والے بے گناہ افراد کے لیے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور عالمی برادری و اقوامِ متحدہ سے اپیل کی کہ وہ اسرائیل کی غیر قانونی اشتعال انگیزیوں کو فوری طور پر روکنے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں، کیونکہ یہ اقدامات نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ بن چکے ہیں۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے پاکستان کے امن کے عزم کو دہراتے ہوئے موجودہ بحران کے حل کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کی پیشکش بھی کی۔
ایرانی صدر ڈاکٹر پزیشکیان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے غیر متزلزل مؤقف اور حمایت پر وزیرِاعظم کا شکریہ ادا کیا اور زور دیا کہ اسلامی ممالک کو ان خطرات کے خلاف متحد ہو کر مؤثر اقدام کرنا چاہیے۔ انہوں نے خطے کی موجودہ صورت حال اور ایران کے مؤقف سے بھی وزیرِاعظم کو آگاہ کیا۔

