پیر, جولائی 7, 2025
ہومٹیکنالوجیپاکستان میں ایکس سروس متاثر، تکنیکی خرابی یا علاقائی بندش؟

پاکستان میں ایکس سروس متاثر، تکنیکی خرابی یا علاقائی بندش؟
پ

اسلام آباد: پاکستان بھر میں ہفتے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) کے صارفین کو بڑے پیمانے پر سروس میں تعطل کا سامنا رہا، جس کے نتیجے میں متعدد صارفین نے لاگ اِن، پیغامات اور نوٹیفکیشنز تک رسائی میں رکاوٹ کی شکایات درج کروائیں۔

سروس کی نگرانی کرنے والے بین الاقوامی پلیٹ فارم ’ڈاؤن ڈیٹیکٹر‘ کے مطابق شام 5 بج کر 36 منٹ تک 372 شکایات ریکارڈ کی گئیں، جب کہ مجموعی طور پر روز بھر میں پاکستان سے 600 سے زائد صارفین نے مختلف مسائل کی نشاندہی کی۔

’ایکس‘ کے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سروس میں پیش آنے والے مسائل کی بنیادی وجہ ایک ڈیٹا سینٹر کی بندش ہے، جس پر کام جاری ہے۔ ادارے نے واضح کیا کہ کچھ صارفین کو لاگ اِن، سائن اپ، نوٹیفکیشنز اور پریمیم فیچرز میں تعطل کا سامنا ہو سکتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا، ’’ہماری ٹیم اس مسئلے کے حل کے لیے چوبیس گھنٹے سرگرم ہے، اور جلد ہی مزید اپ ڈیٹس فراہم کی جائیں گی۔ ہم صارفین کے صبر اور تعاون کے شکر گزار ہیں۔‘‘

سروس میں خرابی کے ممکنہ پس منظر میں امریکی ریاست اوریگن کے شہر ہلزبورو میں واقع ایک ڈیٹا سینٹر میں آتشزدگی کا واقعہ بھی سامنے آیا ہے، جہاں ایمرجنسی سروسز نے طویل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ تاہم ادارے کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا اس آتشزدگی سے سرور آپریشنز متاثر ہوئے یا نہیں۔

سائبر ٹیکنالوجی میگزین ’وائرڈ‘ نے رپورٹ کیا کہ مذکورہ ڈیٹا سینٹر ایکس کی ملکیت نہیں بلکہ لیز پر لیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق، کمپنی نے اس واقعے پر تاحال باضابطہ تبصرہ نہیں کیا ہے۔

پاکستانی صارفین کی جانب سے بھی سروس میں مختلف مسائل کی شکایات سامنے آئی ہیں، جن میں ڈائریکٹ میسجز تک رسائی نہ ہونا، خودکار لاگ آؤٹ اور اسکرین پر "کچھ غلط ہو گیا ہے” جیسے پیغامات شامل ہیں۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں ’ایکس‘ کی سروس فروری 2024 میں عام انتخابات کے دوران مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں کے بعد معطل کر دی گئی تھی، جسے 7 مئی کو بھارت کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران بحال کیا گیا۔

یاد رہے کہ ایلون مسک نے اکتوبر 2022 میں اس پلیٹ فارم کو 44 ارب ڈالر میں خریدا تھا، جسے بعد ازاں جولائی 2023 میں ’ایکس‘ کے نام سے ری برانڈ کیا گیا، اور مئی 2024 میں اسے مکمل طور پر نئے ڈومین x.com پر منتقل کر دیا گیا۔

مارچ 2025 میں، ایلون مسک کی ایک اور کمپنی نے ایک معاہدے کے تحت ’ایکس‘ کو حاصل کر لیا، جس میں پلیٹ فارم کی مجموعی مالیت 33 ارب ڈالر بتائی گئی۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین