جنوبی وزیرستان (مشرق نامہ) اعظم ورسک میں بدھ کے روز ایک پولیس گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈی ایس پی رخمین شدید زخمی ہو گئے، جبکہ ایک کانسٹیبل لاپتہ ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس گاڑی وانا سے توئی خلہ سب ڈویژن کی جانب جا رہی تھی۔
واقعے کے بعد زخمی افسر کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ زیرِ علاج ہیں۔ لاپتہ اہلکار کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ تمام داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی بھی بڑھا دی گئی ہے تاکہ مزید پرتشدد واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔
اس واقعے کے تناظر میں ضلع جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 3 جولائی کو شاکئی، تیارزہ، شولم، خمرنگ اور تنائی کے تمام راستے ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند رکھے گئے ہیں۔