کراچی (مشرق نامہ)– بجلی کے ماہانہ 100 سے 400 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ریلیف کی خبر سامنے آئی ہے، کیونکہ نیپرا نے بجلی کے بنیادی نرخ میں کمی کی حکومتی درخواست منظور کرلی ہے۔
دستاویزی شواہد کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بنیادی ٹیرف میں 1 روپے 15 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا گیا ہے اور باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد اس پر عملدرآمد شروع ہوگا۔
تاہم اس کمی سے تمام صارفین مستفید نہیں ہوں گے۔ نیپرا حکام کے مطابق "لائف لائن” اور "پروٹیکٹڈ” صارفین اس رعایت کے دائرے میں نہیں آئیں گے۔
حکومتی پالیسی کے تحت کے الیکٹرک سمیت تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں پر یکساں ٹیرف کا اطلاق کیا جائے گا۔ اس فیصلے کے بعد گھریلو صارفین کے لیے اوسط نرخ 28.33 روپے فی یونٹ سے کم ہو کر 27.20 روپے فی یونٹ ہو جائیں گے۔