دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کرتا ہے اور اسے عارضی جنگ بندی سے مستقل جنگ بندی میں تبدیل کرنے کی توقع رکھتا ہے اور وہ اس مسئلے کے منصفانہ اور جامع حل کا خواہاں ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو برطانیہ میں چند افراد کے باعث پوری کمیونٹی کے خلاف کیے جانے والے تبصروں پر تشویش ہے۔ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان کو خوشحال دیکھنا چاہتا ہے۔ دہشت گردوں کی موجودگی کے حوالے سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان رابطے جاری ہیں تاکہ دونوں ممالک میں امن و استحکام یقینی بنایا جا سکے۔