پیر, جولائی 7, 2025
ہومبین الاقوامیآسٹریلیا میں چائلڈ کیئر اسکینڈل، سخت اقدامات کا اعلان

آسٹریلیا میں چائلڈ کیئر اسکینڈل، سخت اقدامات کا اعلان
آ

میلبورن (مشرق نامہ) آسٹریلوی حکام نے بچوں کی دیکھ بھال کے مراکز (چائلڈ کیئر سینٹرز) کی نگرانی سخت کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ اقدام میلبورن میں ایک چائلڈ کیئر ورکر پر متعدد بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے سنگین الزامات عائد کیے جانے کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

پولیس نے منگل کے روز ریاست وکٹوریہ میں بتایا کہ 26 سالہ چائلڈ کیئر ورکر جوشوا ڈیل براؤن پر بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے 70 سے زائد الزامات عائد کیے گئے ہیں، جن میں زیادتی جیسے سنگین جرائم بھی شامل ہیں۔

ملزم پر الزام ہے کہ اُس نے میلبورن کے مغربی علاقوں میں واقع ایک چائلڈ کیئر سینٹر میں پانچ ماہ سے دو سال کی عمر کے آٹھ بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق میلبورن کے شمال مغربی علاقے میں ایک دوسرے چائلڈ کیئر سینٹر میں بھی زیادتی کے شواہد کی تحقیقات جاری ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے گزشتہ آٹھ برسوں میں مجموعی طور پر 20 چائلڈ کیئر سینٹرز میں کام کیا، جس کا اختتام رواں سال مئی میں ہوا۔

وکٹوریہ کے محکمہ صحت نے ان تمام چائلڈ کیئر مراکز سے وابستہ 1,200 بچوں کی انفیکشن ٹیسٹنگ کی سفارش کی ہے تاکہ احتیاطی تدابیر اختیار کی جا سکیں۔

بدھ کو آسٹریلوی وزیر تعلیم جیسن کلیئر نے کہا کہ وہ ایسے چائلڈ کیئر مراکز سے فنڈنگ واپس لینے کا قانون منظور کرائیں گے جو حفاظتی معیارات پر پورا نہیں اُترتے، اور نابالغوں کے ساتھ کام کرنے والے افراد کے لیے پس منظر کی جانچ کے نظام کو بھی مزید سخت بنانے پر غور کیا جائے گا۔

کلیئر نے سڈنی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ وکٹوریہ سے کل آنے والی خبر نے ہر آسٹریلوی شہری کو لرزا کر رکھ دیا ہے۔ جن والدین کو براہِ راست اس واقعے کا سامنا ہے، وہ شدید خوفزدہ اور غصے میں ہیں۔

وکٹوریہ کی وزیر اعلیٰ جیسنٹا ایلن نے اعلان کیا کہ ستمبر سے چائلڈ کیئر مراکز میں ذاتی ڈیوائسز پر پابندی عائد کر دی جائے گی اور چائلڈ کیئر ورکرز کے لیے ریاستی رجسٹر قائم کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ایک ہنگامی جائزے کا آغاز کرے گی تاکہ چائلڈ کیئر سیکٹر میں سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے اقدامات تجویز کیے جا سکیں، جن میں مراکز میں سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب بھی شامل ہو سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس جائزے کی ہر سفارش کو اپنائیں گے اور ان پر فوری عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ کل کے واقعے کے بعد بے شمار خاندان ناقابلِ بیان درد اور بے یقینی کا شکار ہیں۔ میں اُن کے جذبات کا تصور بھی نہیں کر سکتی۔

چائلڈ کیئر سیکٹر میں یہ نیا اسکینڈل اُس وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ برس کوئنزلینڈ کے ایک شخص نے درجنوں بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزامات کا اعتراف کیا تھا — یہ آسٹریلیا کی تاریخ کے بدترین پیڈوفائل کیسز میں سے ایک تھا۔

ملزم ایشلے پال گرفتھ کو نومبر میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی، جس نے برسبین اور اٹلی کے چائلڈ کیئر مراکز میں 69 بچیوں کے ساتھ 300 سے زائد جنسی جرائم کا اعتراف کیا تھا۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین